23 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 19:49
ملک بھر میں نویں محرم کے بیش تر جلوس اختتام پذیر
جیو نیوز - کراچی....... ملک بھرمیں نویں محرم الحرام کے بیشترجلوس اپنی منزل پرپہنچ کر اختتام پذیرہوگئے ۔ کچھ شہروں میں جلوس اب بھی روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں۔
نواسہ رسولﷺ حضر ت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اوران کے جانثارساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں 9 محرم الحرام کے جلوسوں کا سلسلہ آج صبح سے ہی شروع ہوگیا۔
ملتان میں مجموعی طورپر 80 سے زائد جلوس اور181سے زائد مجالس برپا کی گئیں ۔علم اورذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہواجو ممتاز آباد،گول مارکیٹ اورممتازآبادپارک سے ہوتاہوابعد نماز مغربین اسی مقام پر اختتام پذیرہوا۔
فیصل آباد میں مرکزی جلوس امین پوربازار سے رات نوبجے برآمد ہوا،جلوس رات گئے اسی مقام پر اختتام پذیرہوگا۔
حیدرآبادمیں 300سے زائد چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے۔مرکزی جلوس لطیف آبادنمبر5سے نکالا گیا جوبعد نمازمغرب اختتام پذیرہوگیا۔
گوجرانوالہ میں 100سے زائد چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے ۔مرکزی جلوس حویلی سادات سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا رات دس بجےکے بعد اسی مقام پرختم ہوگا۔
روہڑی میں نویں محرم الحرام کا تاریخی جلوس دن ایک بجے برآمد ہوا اوربعد نمازمغربین میدان کربلا میں پہنچ کراختتام پذیرہوگیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں مرکزی جلوس امام بارگاہ بموں شاہ سے برآمد ہوا اوردن دوبجےمسجد یاعلی پر اختتام پذیرہوگیا۔
بنوں میں آج شام پانچ بجے سے 10محرم کی شام 5بجے تک جلوس کی گزرگاہوں پر کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
جھنگ، ڈیرہ غازی خان، ہنگو، پاراچنار، گلگت بلتستان اورآزادکشمیر میں بھی نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس سخت سیکورٹی انتظامات میں برآمد ہوئے۔اس دوران علمائے کرام،ذاکرین اور شرکاء واقعہ کربلا کویادکرتے رہے اوراسلام کے جانثاروں کوخراج عقید ت پیش کرتے رہے۔