24 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 1:16
جیکب آباد دھماکا، ہلاکتوں کی تعداد23ہوگئی
جیو نیوز - جیکب آباد.......جیکب آباد میں نویں محرم کے جلوس میں دھماکے کے نتیجے میں 8 بچوں سمیت 23افرادجاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ شہرکا کنٹرول رینجرز نے سنبھال لیاہے۔
ایس ایس پی ظفرملک نے جیونیوزکوبتایا کہ دھماکا قومی شاہراہ کے قریب واقع لاشاری محلہ میں ہوا ۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ماتمی جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہونے کے لیے لاشاری محلے میں داخل ہوا تو خودکش حملہ آورنے خود کو دھماکے سے اڑالیا ۔
دھماکے کے بعد افراتفری مچ گئی ۔ پولیس کو دھماکے کی جگہ سے ایک پستول بھی ملی ہے۔ لاشوں اورزخمیوں کوسول اسپتال منتقل کیا گیا۔جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہےجبکہ ایک شدیدزخمی کو چانڈکامیڈیکل کالج لاڑکانہ منتقل کردیا گیا ۔
دھماکے کے بعد سول اسپتال سمیت شہرکے دیگرمقامات پر احتجاج کیا گیا ۔ مشتعل افرادنےڈی سی آفس پر دھاوابول دیا اورگیٹ کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی ۔
پولیس نے مظاہرین کومنتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی ۔ اس دوران قائد اعظم روڈ اورکاشی رام پُل پرسخت کشیدگی رہی ۔ بعض مقامات پر بند دکانوں کے باہر رکھے سامان کی توڑپھوڑ بھی کی گئی ۔ اس دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔
کشیدگی پرقابوپانے کے لیے رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی جس نے صورتحال پر قابوپایا ۔