تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 21:31

جیکب آباد حملے کا مقدمہ فوجی عدالت بھیجیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

جیو نیوز - جیکب آباد.......وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ جیکب آباد خودکش حملے کا مقدمہ فوجی عدالت کو بھیجا جائے گا ، شیعہ علماء کونسل کی شکایت پر ایس ایس پی کو معطل اور ایس پی کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

جیکب آباد میں نویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس پر ہونے والے خودکش دھماکے پرآج شہر کی فضا سوگوار رہی، دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑگیا جس کے بعدجاں بحق افرادکی تعداد 24 ہوگئی۔

شیعہ علماء کونسل کے وفد نے جیکب آباد پہنچنے والے وزیراعلیٰ سندھ سے مذاکرات کیے اورمطالبات پیش کیے۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سید قائم علی شاہ نے کہا کہ دھماکے کی تحقیقات کرائی جارہی ہیں ، ڈی ایس پی کو معطل کردیا جبکہ ایس پی کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی ، خودکش حملے کا مقدمہ ملٹری کورٹ بھیجا جائے گا۔

شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ مقصود ڈومکی نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ نے ایس پی کو معطل اورجس ڈی ایس پی کی مبینہ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا اس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا اعلان نہیں کیا، کونسل کا مرکزی مطالبہ سندھ سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ ہے۔

وزیر داخلہ سندھ انورسیال کا کہنا ہے کہ رپورٹ ملی ہے کہ جیکب آباد دھماکے کی ذمے داری کالعدم تنظیم نے قبول کرلی ہے اور پاکستان میں دہشت گردی میں را کا عنصر ہر جگہ موجود ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے دھماکے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے ورثاء کے لیے 20 لاکھ روپے فی کس، معذورہونے والے افراد کے لیے 10 لاکھ روپےاور سرکاری نوکری کا اعلان بھی کیا ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.