تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 13:17

کراچی: آئی آئی چندریگر روڈ پر بیگم گلی میں تجاوزات کیخلاف کارروائی

جیو نیوز - کراچی......شفیق احمد صدیقی......کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع فوڈ اسٹریٹ بیگم گلی میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ساؤتھ کے عملے نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کی اور دکانوں کے باہر موجود کاؤنٹر، بینچز اور کرسیوں وغیرہ کو اٹھا کر لے گئے۔

بیگم گلی جو جنگ اخبار اور جیو ٹی وی کے دفاتر کے قریب واقع ہے اور جس میں مختلف کھانے کے ہوٹل ہونے کی وجہ سے اسے منی فوڈ اسٹریٹ کی حیثیت حاصل ہے۔

دوپہر کے کھانے کے وقت جب بیگم گلی میں ارد گرد واقع دفاتر کے لوگوں کا رش ہوتا ہے ڈی ایم سی کے عملے نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔

جیسے ہی ڈی ایم سی ساؤتھ کا تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے والا ٹرک بیگم گلی میںداخل ہوا تمام ہوٹل اور پتھارے والوں میں کھلبلی مچ گئی۔

مختلف ہوٹلوں کا عملہ اور دکان دار تیزی سے حرکت میں آئے اور اپنی دکانوں کے باہر رکھی تجاوزات کو اندر منتقل کرنے لگے، کچھ ٹھیلے والے اپنا کاروبار سمیٹ کر وہاں سے فوری روانہ ہوگئے جبکہ جو اس میں تیزی نہ دکھا سکے انہیں اپنے کاؤنٹرز، بینچوں، کرسیوں اور دیگر املاک سے ہاتھ دھونے پڑے۔

اس موقع پر دکانداروں اور ہوٹلوں کے عملے کے علاوہ کھانے کیلئے آئے ہوئے لوگ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ڈی ایم سی ساؤتھ کے عملے کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی تجاوزات کے خلاف شکایت پر کی گئی ہےاور وہ دوبارہ بھی اس گلی میں کارروائی کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف ان علاقوں بشمول برنس روڈ اور اطراف میں متعدد بار کارروائی کی گئی مگر اس کے اگلے دن ہی یہ تجاوزات دوبارہ قائم ہوجاتی ہیں، ان کا مستقل بنیادوں پر روک تھام تاحال دیکھنے میں نہیں آیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.