تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 13:48

ملک میں شدید زلزلہ،2درجن سے زائد افراد جاں بحق، سیکڑوںزخمی

جیو نیوز - اسلام آباد......اسلام آباد سمیت ملک بھرمیں زلزلے کے شدید جھٹکےمحسوس کیے گئے، باجوڑاور لوئردیر میں4،4،چارسدہ میں 2 ،سوات میں 2دو خواتین اور پشاور میں ایک خاتون سمیت 2درجن سے زائدافراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔

امریکا کے زلزلہ پیما مرکز جیو لوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر سکیل پر شدت 7اعشاریہ7ریکارڈ کی گئی جبکہ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ زلزلے کی شدت 8اعشاریہ1تھی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی ایک سے ڈیرہ منٹ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے،جبکہ 5سے 6مزید آفٹر شاکس کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال سمیت مختلف اسپتالوں میں 100زخمیوں کو لایا گیا ہے جبکہ لیڈی ریڈنگ اسپتال لائی گئی ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

زلزلے کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہِ قراقرم متعدد مقامات سے متاثر ہوئی ہے اور اس پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوگئی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں کئی مقامات پر ٹاورز زمین بوس ہوگئے۔مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، موبائل نیٹ ورک متاثر ہوا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بھی محسوس کئے گئے،زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش تھا ،جس کی گہرائی زیر زمین 193کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔واضح رہے کہ اکتوبر 2005ء میں آنے والے زلزلے کی شدت 7اعشاریہ 6تھی۔

پاکستان میں شدید زلزلے کے بعد وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے سول اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کو ہدایت کی ہے کہ پاک فوج کے جوان ملک کے جس کونے میں بھی موجود ہوں اور متاثرین زلزلہ کو مدد کی ضرورت ہو بغیر کسی حکم کے انتظار کے مدد کو پہنچیں۔

زلزلے کے جھٹکے لاہور، پشاور ،اسلام آباد، راولپنڈی، سوات، مالاکنڈ، مری، ایبٹ آباد، مظفرگڑھ، رحیم یارخان، سوات، تلہ گنگ، میانوالی،خیرپور، سرگودھا،حافظ آباد، صوابی، کوہاٹ،ہری پور، کرم ایجنسی، اورکزئی ایجنسی، ہنگو، شورکوٹ، ملتان،فیصل آباد، چیچہ وطنی ،چکوال،ڈیرہ اسماعیل خان،اوچ شریف، مظفرآباد، دیامر، بلوچستان میں کوئٹہ،سبی،بولان میں محسوس کیے گئے۔

پاکستان سمیت بھارت اور افغانستان سمیت ہمسایہ ممالک میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ،زلزلے کے جھٹکے بھارتی دارالحکومت دہلی کے علاوہ ہریانہ ،ہماچل پردیش اور مقبوضہ کشمیر میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

پاکستان کا صوبہ خیبر پختونخوا زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں مکانات بڑی تعداد میں زمین بوس ہوئے ہیں اور سب سے زیادہ تباہی کے مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب ، خیبرپختونخوا اور کشمیرمیں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی وجہ سے زمین تقریباً ایک منٹ سے زائد وقت تک لرزتی رہی جبکہ موبائل فون سروس بھی متاثر ہوگئی۔

پاکستان میں زلزلے کی شدت کے خوف سے لوگ اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئےاور کلمۂ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کہیں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس نہیں کیے گئے ۔

کوہاٹ میں زلزلے کے بعد موبائل سروس بند ہوگئی، متعدد مکانات گر گئے،میانوالی، کوٹ مومن، مہمند ایجنسی ،دیر بالا میں زلزلے کے جھٹکےمحسوس کیے گئے۔

لوئر دیر کےنواحی علاقوں میں کچے مکانات گر گئے ہیں ،جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے،سرگودھا میں اگورنمنٹ انبالہ اسکول کی دیوار گرنے سے 10افراد زخمی ہوگئے ہیں۔بالاکوٹ کے قریبی علاقے جبریر میں ایک مکان گر گیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.