26 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 15:49
پاکستان میں آنے والے شدید زلزلوں کی تاریخ
جیو نیوز - کراچی......پاکستان بھی دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔ گزشتہ سو سال کے دوران پاکستانی علاقوں میںکئی ہولناک زلزلے آئے جن میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا۔
31 مئی 1935 کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 7اعشاریہ 7 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس نے شدید تباہی مچائی ، زلزلے میں کوئٹہ شہر مکمل طور پرتباہ ہو گیا اور تیس ہزار سے 60 ہزار افراد جاں بحق ہوئے ۔
28 نومبر1945 کو بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں8اعشاریہ ایک شدت کا زلزلہ آیا جس میں 8 ہزار افراد لقمہ اجل بنے ۔
28 دسمبر 1974 کو شمالی علاقہ جات میں6اعشاریہ 2 شدت کے زلزلے نے تباہی مچائی جس میں 5 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 17 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ۔
8 اکتوبر 2005 کو پاکستان کے شمالی علاقوں اور آزاد کشمیر میں ملکی تاریخ کا خوفناک ترین زلزلہ آیا۔ 7اعشاریہ 8 شدت کے اس قیامت خیز زلزلے کے نتیجے میں 73 ہزار 338 افراد جاں بحق ہو ئے۔
اس زلزلے میں آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کا بیش تر حصہ تباہ ہوا جب کہ ضلع باغ ،مکمل طور پرتباہ ہوگیا۔خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ تباہی بالاکوٹ میں ہوئی۔ جب کہ گڑھی حبیب اللہ کا قصبہ بھی بری طرح متاثر ہوا۔
29 اکتوبر 2008 کو بلوچستان کے ضلع زیارت میں آنے والے 6اعشاریہ 4 شدت کے زلزلے سے 215 افراد جاں بحق اور ایک لاکھ بیس ہزار افراد بے گھر ہوئے۔
24ستمبر 2013 کو بلوچستان کے ضلع آواران میں 7اعشاریہ7 شدت کا زلزلہ آیا جس سے 825 افراد جاں بحق اور سیکڑوں بے گھر ہوئے۔ اس زلزلے کے 4 دن بعد اسی علاقے میں 6اعشاریہ8 شدت کے زلزلے نے مزید 400 افرادکی جان لی اور مزید تباہی پھیلائی۔