تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 نومبر 2015
وقت اشاعت: 19:32

عزیز آباد دھماکےمیں معذور نوجوان کے والدین کی امداد کی اپیل

جیو نیوز - کراچی........ شکیل یامین کانگا........ڈھائی برس قبل کراچی وسطی کے علاقے عزیزآباد میں بم دھماکےمیں زخمی ہونے والے نوجوان سید اویس عابدی اور انکے والدین اب تک حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مالی امداد اور ملازمت ملنے کے منتظر ہیں۔

تاہم ڈھائی سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود وعدے صرف وعدے ہی رہے اور موت وزیست کی کشمکش میں مبتلا غریب نوجوان اویس عابدی جوکہ اس واقعے میں اپاہج ہوگیا تھا ،اب زندگی سے مایوس ہوکر موت کی دعا کررہا ہے، ڈاکٹرز بھی اس کی زندگی کے حوالے سےکچھ زیادہ پرامید نہیں ہیں۔ والد کی بیروزگاری کے باعث اسکے مستقل علاج کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے۔

واضح رہے کہ2013 کے عام انتخابات کے موقع پر 5 مئی کو عزیز آباد کے مور پارک میں بم دھماکے میں کئی افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔اس موقع پر حکومت نے شہید اور زخمی ہونے والوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کیلئے ایک لاکھ روپے اور معذور ہونے والے افراد کیلئے ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا تھا ۔

18 سالہ اویس عابدی اس سانحے میں شدید زخمی ہوا اور اس کی کمر سے نچلا دھڑ تقریبا ناکارہ ہوگیا تھا۔ حکومت کے اعلان پر اسپتال میں علاج ہوا اور فارغ کردیا گیا۔بعدازاں نذیر حسین اسپتال میں اس کا علاج ہوتا رہا لیکن کوئی افاقہ نہ ہوا۔اس معذوری اور پریشانی کو دیکھتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما سید حیدر عباس رضوی نےاسے آٹومیٹک وہیل چیئر کا انتظام کرکے دیا تھا۔

عزیز آباد بلاک آٹھ کے40 گز کے چھوٹے سے گھر میں رہائش پذیر اویس عابدی کے والدین کے مطابق مایوسی کے عالم میں یہ دوائیاں کھانے کے بجائے پھینک دیتا ہے، بستر پر مسلسل پڑے رہنے سے اس کے جسم پر موٹے موٹے بیڈ سول ہوگئے ہیں گو کہ اللہ کے ایک نیک بندے نےبیڈ سول سے بچانے کے لیے ائیرکنڈیشن لگواکر دیا ہے،جبکہ قطر میں رہائش پذیر اویس کا دوست اسے علاج اور دوائوں کے لیے ماہانہ پانچ چھ ہزار روپے بھیجتا ہے جو کہ موجودہ حالات میں ناکافی ہیں جبکہ علاج کافی مہنگا ہے۔

غریب اور بے بس والدین نے وزیراعظم نواز شریف، گورنر سندھ ، وزیراعلیٰ سندھ اور ایم کیو ایم کی قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نوجوان کی حالت کو دیکھتے ہوئے اسکے علاج کے لیے مالی امداد کا انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ کوئی ایسی ملازمت بھی دیدیں کہ جس سے کچھ مداوا ہوسکے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.