9 نومبر 2015
وقت اشاعت: 20:43
لاہور میں فیکٹری کا آئل ٹینکرپھٹ گیا، پانچ مزدور جاں بحق
جیو نیوز - لاہور......لاہور کے نواحی علاقے ہڈیارہ میں ایک فیکٹری کا آئل ٹینکرپھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی، پانچ مزدور جھلس کر جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
ہڈیارہ کے علاقے میں گاڈر اور ٹی آر بنانے کی فیکٹری کے آئل ڈپو میں مزدورمعمول کے مطابق کام کررہےتھے کہ آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا اورآگ بھڑک گئی ،آگ سے 5 مزدور موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 3افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ اچانک بھڑکی جس کے بعد زور دار دھماکہ ہوا۔جاں بحق ہونے والوں میں ساغر اور عمران کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ تین کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے،حادثہ کی خبر سن کر جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین بھی موقع پر پہنچ گئے جن کا کہنا تھا انہیں انصاف دلایا جائے۔
ریسکیو کی امدادی ٹیمیوں نے آگ پر قابو پا کر تین زخمی مزدوروں کو اسپتال منتقل کردیا جبکہ جاں بحق ہونے والے 5 افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کردیا گیا۔