10 نومبر 2015
وقت اشاعت: 8:5
ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری
جیو نیوز - اسلام آباد........ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں ۔ سردی کی شدت میں اضافے سے موسمی امراض میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔
گلگت بلتستان میں دیامر،استور اور غذر کے پہاڑوں پر دو روز سے بارشیں ہورہی ہیں۔ برف سے ڈھکے پہاڑوں نے گلگت بلتستان کی دل کشی میں اضافہ کردیا ہے۔ کالام کے پہاڑوں پر برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔مردان اور ملحقہ علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔
بلوچستان میں چمن،ژوب،موسی خیل اور زیارت سمیت شمال مشرقی علاقوں میں موسم سرما کی بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے،،کوہ سلیمان پر ہلکی برف باری نے سردی شدت مزید بڑھادی ہے ۔
محکمہ موسمیات نے آج مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، کوئٹہ، راول پنڈی ڈویژن، اسلام آباد، بالائی فاٹااور کشمیر میں کچھ مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیاہے۔