26 مئی 2016
وقت اشاعت: 13:15
یوم پاکستان پر مسلح فواج کی مشترکہ پریڈ اسلام آباد میں منعقد ہوئی
جیو نیوز - اسلام آباد........فضاوں کا سینہ چیرتے شاہینوں، سمندروں کے رکھوالوں اور پاک سرزمین کے پاسبانوں نے اپنی عسکری طاقت کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا کہ دشمنوں کے دل لرز اٹھے، اہلیان وطن کا سر فخر سے بلند ہوگیا۔
یوم پاکستان پر مسلح فواج کی مشترکہ پریڈ کا آغاز ہوا تو پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان کی قیادت میں ایف سولہ طیاروں نے سب سے پہلے شاندار انداز میں سلامی دی۔
پریڈ کمانڈر بریگیڈئیر محمد عامر مجید کی قیادت میں تینوں مسلح افواج کے نمائندگی کرتےہوئے علم برداروں نے مارچ کیا اور سلامی دی ، ان کے پیچھے پنجاب رجمنٹ ، سندھ رجمنٹ، فرنٹیئر کور ، ناردرن لائٹ انفنڑی ، پاک بحریہ ، پاک فضائیہ ، پاکستان رینجرز ، پولیس، نرسز، بوائے سکاوٹس، گرل گائیڈز اور ایس ایس جی کمانڈوز کے دستے آئے ۔پریڈ میں تینوں مسلح افواج کی خواتین آفیسرز نے بھی حصہ لیا۔
ملک میں تیار کردہ ناقابل شکست الخالد ٹینک ، الضرار ٹینک ،بکتر بند گاڑیاں ،توپخانہ ، جدید ویپن سسٹم ، اور جدید ترین ریڈار پریڈکا حصہ بنے، ملک کے دفاعی نظام کے شاندار عکاس شاہین ون، شاہین تھری، اور رعد میزائل شرکا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔
دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھنے والابغیر پائلٹ کے براق طیارہ فضاء میں نمودار ہوا تو حاضرین کے سر فخر سے بلند ہو گئے۔
چاروں صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافت اور روایات کے رنگ لیے دلکش فلوٹ بھی پریڈ میں شامل ہوئے۔ بلوچستان کے فلوٹ پر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے رنگ نمایاں نظر آئے۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضا میں پرپھیلائے، لڑاکا طیارے ایف 16 کی گھن گرج، جے ایف 17 تھنڈرکی دھمک سے شہر اقتدار گونج اٹھا۔
شیر دل فارمیشن نے قراقرم 8 اور ترکی کے ٹی 37 طیاروں سے فضا میں رنگ بکھیرےتوچین کی طرف سے آرمی ایویشن کے حصہ بننے والے اٹیک ہیلی کاپٹر زی ٹین سمیت کوبرا اٹیک ، فینک ، بیل فور 12، پیوما،ایم آئی سیونٹین اور پاک بحریہ کے زولو نینرز ہیلی کاپٹر نے بھی سلامی پیش کی۔
جی او سی اسپیشل سروسز گروپ میجر جنرل طاہر رسول بھٹہ کی قیادت میں پیراٹروپرز نے فری فال جمپس کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کے آخر میں ملی نغموں کی دھنوں پر پھولوں سے بچوں نے جذبہ حب الوطنی کو خوب جگایا۔