26 مئی 2016
وقت اشاعت: 16:12
یوم پاکستان پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ
جیو نیوز - اسلام آباد.....جویریہ صدیق ......یوم پاکستان ملک بھر میں روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے،دن کا آغاز دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا، اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، مسلح افواج کے سربراہان چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، چیرمین جوائنٹ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راشد محمود،ایئرچیف مارشل سہیل امان ،پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ، وزیر دفاع خواجہ آصف ،وفاقی وزراء،سفارت کاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا،اس کے بعد فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت ائیر چیف مارشل سہیل امان نے خود کی،ایف سولہ طیارہ اڑا کر پنڈال کے اوپر سے گزرے۔ایف سولہ طیاروں کی فارمیشن،جے ایف 17 تھنڈر کی فارمیشن ،ایف سیون پی جی طیارے، پاک فضائیہ کے ایویکس طیارے،قراقرام ایگل،معراج طیاروں،پی تھری سی طیاروں کی فارمیشن نے صدر پاکستان کو سلامی دی۔
صدر منمون حسین نے مسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔ صدر ممنون نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب میں کہاکہ 23 مارچ ہمیں قائداعظم اور تحریک پاکستان کے کارکنان کے عظیم مقاصد کو یاد دلاتا ہے،ہمیں جائزہ لینا ہوگا کہ ہم نے وہ مقاصد کس حد تک حاصل کئے،تعلیم و تحقیق کو فروغ دے کر اور سماجی انصاف کی فراہمی سے ہم اسلامی فلاحی مملکت کا قیام عمل میں لاسکتے ہیں۔
صدر ممنون حسین نے کہا 23 مارچ ہماری نظریاتی پہچان کا دن ہے،انہوں نے کہا فوجی جوانوں کا جذبہ اور آلات حرب کی نمائش سے یہ پیغام ملتا ہے کہ پاکستان کے دفاع کے لئے جوانوں کے جذبے بلند ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور افواج نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے،آپریشن ضرب عضب جب تک جاری رہے گا جب تک دہشتگردوں کا خاتمہ نہیں ہوجاتا،قیام امن کے لئے افواج پاکستان کے امن دستوں کی خدمات کا اعتراف ساری دنیا کرتی ہے جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔
صدر کے خطاب کے بعد پریڈ کا آغاز ہوا جس میں بری فوج، بحری فوج اور پاک فضائیہ کے دستوں نے حصہ لیا ۔ایس ایس جی کمانڈوز،نادرن لائٹ انفنٹری،مجاہد فورس،پاکستان رینجرز،بوائے اسکاوٹس،ویمن ان فورسزویمن نرسنگ اسٹاف،پولیس اور گرلز گائیڈ کے دستے بھی مارچ پاسٹ کا حصہ تھے،یہ چاک و چوبند دستے سلامی کے چبوترے پر موجود صدر پاکستان صدر ممنون حسین کو سلامی دیتے ہوئے گزرے۔
مارچ پاسٹ کے بعد مسلح افواج کے الخالد ٹینکوں،الضرار ٹینکوں، اے پی سی ٹینکوں، ایم ریپ،توپ خانے اور ایم ون نائن ایٹ کے دستوں نے صدر مملکت کو سلامی دی۔ملٹی لانچ راکٹ سسٹم،ائیر ڈیفنس جراف ریڈار، موبائل پلس ریڈار،کور آف انجینئرز کا دستہ،لانچ پل کی گاڑیاں،سالٹ ٹریک وے بریچ بھی پریڈ کا حصہ تھے۔
شکر پڑیاں میں ہونے والی اس پروقار تقریب میں شاہین ون الفاء میزائل،شاہین تھری بلاسٹک میزائل،رعد کروز میزائل،براق ڈرون بھی نمائش کا حصہ تھے۔
تقریب میں روایتی موسیقی ثقافت اور رقص سے مزین فلوٹ بھی لائے گئے۔پنجاب سندھ بلوچستان خیبر پختون خواہ اور گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے خوبصورت فلوٹس شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ کیمل بینڈ نے بھی خصوصی طور پر پریڈ میں حصہ لیا۔صدر پاکستان ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، مسلح افواج کے سربراہان اور وزیر دفاع فلوٹس پر موجود فنکاروں گلوکاروں کی پرفارمنس کو سراہتے رہے۔
اس کے بعد آرمی ایوی ایشن کوبرا ہیلی کاپٹرز،فینس ہیلی کاپٹر، پیوما ہیلی کاپٹرز، بیل 412،ایم آئی 17 نے تقریب کو چار چاند لگائے ۔نیوی کے زولو ٹین بھی فلائی پاسٹ کا حصہ تھے۔پیوما ہیلی کاپٹر سے ایس ایس جی کے جوانوں نے لٹک کر پرچم کو لہرایا۔دیکھنے والے مسلسل داد تالیاں بجاتے رہے ۔
شیر دل فارمیشن نے تو حاضرین کے دل جیت لئے چھ طیاروں پر مشتمل اس فارمیشن نے خوبصورت فضائی کرتب دیکھائے۔کاک پٹ اور کنٹرول ٹاور کے درمیان ہونے والی گفتگو حاضرین اور ناظرین کو بھی سنوائی گئ۔مظاہرہ مکمل کرنے پر یہ چھ جہاز مختلف چھ سمتوں میں نکل گئے۔جس پر حاضرین نے شیر دلز کو بہت داد دی۔
جے ایف تھنڈر 17 اور ایف سولہ نے تو حاضرین اور ناظرین کا لہو گرما دیا۔سکوڈرن لیڈر جواد گیلانی نے مہارت کے ساتھ 360 زاویے پر جے ایف تھنڈر طیارے کو پڑید گراونڈ پر اڑایا۔بعد میں بہت کم رفتار پر ان ورڈ پرواز کی اور عوام سے خوب داد سمیٹی۔ایف سولہ طیارہ اڑانے والے ونگ کمانڈر عاصم راجہ نے شاندار میکسیمم ٹرن پرفارمنس دی۔طیارے کی رفتار کم کرکے انتہائی مہارت کے ساتھ سلامی کے چبوترے کے پاس پرواز کی۔
ایس ایس جی کے تیرہ سکائی ڈیورز نے دس ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر شاندار مظاہرہ کیا۔آرمی کے شہباز،نیوی کے سیگلز اور ائیر فورس کے شہپر اس فضائی مظاہرے کا حصہ تھے ۔اس دستے کی قیادت میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ نے کی۔تمام فوجی جوان پیرا شوٹ پہن کر طیارے سے کودے اور کمال مہارت کے ساتھ لینڈ کیا۔اس دستے نے زمین پر لینڈ نگ کے بعد قومی پرچم صدر مملکت کو پیش کیا۔
کیمرہ مین کمال مہارت سے تمام مناظر ناظرین کو دیکھاتے رہے۔معروف اینکرز فرح سعدیہ،نور الحسن اور لیفٹنٹ کرنل شفیق کی کمنٹری نے تقریب کو چار چاند لگا دئے۔سب سے آخر میں بچوں کی پرفارمنس نے تمام حاضرین اور ناظرین کے دل جیت لئے ۔علاقائی ملبوسات میں بچے ہاتھوں میں جھنڈے لہراتے رہے اور مسحور کن دھنوں پر ملی نغمے سنائے۔اس کے ساتھ ہی اس خوبصورت اور باوقار تقریب کا اختتام ہوا۔