26 مئی 2016
وقت اشاعت: 20:30
یوم پاکستان پر حریت رہنماؤں کی شرکت کوئی ایشو نہیں،عبدالباسط
جیو نیوز - نئی دلی......بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ یوم پاکستان کےموقع پر حریت رہنماؤں کی شرکت کوئی ایشو نہیں ہے، پاکستان ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب میں ہر سال کشمیری رہنمائوں کو دعوت دی جاتی ہے۔
نئی دلی میں یوم پاکستان کے موقع پر منعقدہ پاکستان ہائی کمیشن کی عشائیے کی تقریب میں ہر سال کی طرح اس بار بھی حریت رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے، حریت رہنماؤں کو دعوت دینے پر بھارتی واویلے کے جواب میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ حریت رہنما ہمیشہ ہماری تقریب میں آتے ہیں یہ کوئی ایشو نہیں ہے۔
حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ حریت کانفرنس ہر بار یوم پاکستان پر مدعو ہوتی ہے اس میں کوئی نئی بات نہیں، ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔
پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے حسب روایت یوم پاکستان کی تقریب میں کشمیری رہنماؤں سید علی گیلانی، آسیہ اندرابی اور میر واعظ عمر فاروق کو مدعو کیا ہے، آج صبح پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کا آغاز پاکستانی پرچم لہرا کر کیا گیا، پرچم کشائی کی تقریب کے بعد ملی نغمے پیش کیے گئے جن پر بچوں نے رنگا رنگ پرفارمنس پیش کی۔