27 مئی 2016
وقت اشاعت: 14:5
پیرس میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب
جیو نیوز - پیرس... رضا چوہدری.... فرانس میںمقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھی ’یوم پاکستان‘ جوش جذبے کے ساتھ منایا۔ اس سلسلے میں پیرس میں قائم پاکستانی سفارت خانے سمیت کئی مقامات پر تقریبات منعقد ہوئیں ۔
سفارت خانے میںمنعقدہ تقریب میں شرکت کرنے والی پاکستانی کمیونٹی کو سفیر پاکستان غالب اقبال نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ سفارت خانے، حکومت پاکستان اور کمیونٹی کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان اور فرانس کے درمیان ہونے والی تجارت میں 13فیصد اضافہ ہوگیا ہے -
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنی بہادری اور مستقل مزاجی کی وجہ سے پاکستانی عوام دنیا بھر میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ایک علامت بن چکے ہیں -
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے کہا کہ وہ فرانسیسی معاشرے کا ایک حصہ بنیں تاکہ اس کے اندر رہ کر پاکستان کے مفاد کے لیے مزید بہتر کام کر سکیں۔
انہوں نے پاکستان کمیونٹی کے بھرپور تعاون پر اس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی اور سفارتخانہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونگے-
تقریب سے ممبر پنجاب اسمبلی راجہ شوکت عزیز نے بھی خطاب کیا-ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی گئی رقوم پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کے لیے بہت بڑا سہارا رہے ہیں حتی کہ بہت سے مشکل مواقع پر ان ترسیلات نے قومی خزانے کیلئے آکسیجن کا کام کیا ہے اس لیے حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ترجیحی بنیاد وں پر ان کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے -
تقریب میں سفیر پاکستان نے قومی ترانے کی دھن میں قومی پرچم بھی لہرایا جبکہ کیک بھی کاٹا گیا۔