27 مئی 2016
وقت اشاعت: 14:21
روس میں پھنسے 48پاکستانیوں کو وطن بھیج دیا گیا،دفتر خارجہ
جیو نیوز - اسلام آباد…ترجمان دفتر خارجہ نےکہا ہے کہ روس کے ایک ایئرپورٹ سے 48 پاکستانیوں کو وطن واپس بھیج دیا گیا ہے جبکہ دوسرے ایئرپورٹ سے 84 پاکستانیوں کو واپس بھیجا جارہا ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا نےبتایا کہ ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے کے اہلکاروں کو ایئرپورٹ پر موجود پاکستانیوں سے ملاقات کی رسائی نہیں ملی، تاہم 48 پاکستانیوں کو وطن بھیج دیا گیا جبکہ 84 کو بھیجا جارہاہے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ پاکستانی سفارتخانہ ماسکو میں روسی وزارت خارجہ سے رابطے میں ہے اور اسلام آباد میں روسی سفارت خانے سے بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔
پہلے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ماسکوجانے والے پاکستانی موبائل فون ڈیلرز کو کئی گھنٹوں تک ایئر پورٹ پر ہی محصور رکھا گیاتھا۔ روس میں موجود ایک پاکستانی عبدالواحد کا کہنا تھا کہ شاید ایئرپورٹ حکام اور مسافرایک دوسرے کو اپنا مؤقف نہیں سمجھا پائے ہوں۔