27 مئی 2016
وقت اشاعت: 17:26
بھنگ کی برآمدگی و پوست تلف کرنیوالی پولیس پارٹی کو 2لاکھ کا انعام
جیو نیوز - کراچی ....افضل ندیم ڈوگر... جامشورو میں کارروائی کرکے ڈرگز ڈیلرز سے سو کلوگرام بھنگ برآمد کرنے اور پوست کے 10 ایکڑ کے کھیت تباہ کرنے والی پولیس پارٹی کو آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے دو لاکھ روپے انعام کا دینے کا اعلان کیا ہے۔
اے ڈی خواجہ کی جانب سے آئی جی سندھ کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد کسی پولیس پارٹی کے لئے یہ پہلا بڑا نقد انعام ہے۔
پولیس کے میڈیا سیل کی رپورٹ کے مطابق اے ایس پی سہون کیپٹن ریٹائرڈ رائے مظہر کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے جامشورو ڈسٹرکٹ کے پہاڑی علاقے نینگ اور جھنجاڑا میں ایک کارروائی کرکے دس ایکڑ پر تیار کھڑی پوست کی فصل کو تلف کرکے نذرآتش کردیا اور سات ڈرگ ڈیلرز کو گرفتار کرکےان کے قبضے سے ایک سو کلوگرام بھنگ اور آٹھ سو گرام افیون برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ارباب علی، غلام علی، غلام شبیر، خمیسو خان، لونگ فقیر، شیر محمد اور ستار نوہانی اس علاقے میں افیون اور بھنگ کی فروخت کے بڑے ڈیلر تھے، ان کے قبضے سے اسلحے کی برآمدگی بھی ظاہر کی گئی ہے اور ان کی پانچ موٹر سائیکلیں بھی ضبط کی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق اس کارروائی پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس پارٹی کے لئے دو لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔