7 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 6:2
مصر : نئے اختیارات کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے
اے آر وائی - مصر میں صدر کے نئے اختیارات کے خلاف ملک بھر میں مظاہروں کاسلسلہ جاری ہے۔ قاہرہ میں حکومتی جماعت کے دفتر کوآگ لگادی گئی ہے۔ مصری صدر نے امن وامان کیلئے اپوزیشن کومذاکرات کی دعوت دے دی۔
امریکی صد باراک اوباما نے محمد مرسی کو فون کیا اور مظاہروں کے دوران ہلاکتوں پر تشویش کااظہار کیا۔ اوباما نے امید ظاہر کی کہ فریقین مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کریں۔ ٹی وی پر قوم سے خطاب میں مصری صدر کا کہنا تھا کہ مخالفین کا احتجاج پرامن نہیں، قتل و غارت اور توڑ پھوڑ برداشت نہیں کی جائیگی،شرپسندوں کو ہتھیار ڈال دینے چاہئیں۔
محمد مرسی نے کہا کہ مصری ایک قوم ہیں، انہیں کوئی تقسیم نہیں کرسکتا۔مصری صدر محمد مرسی نے اپوزیشن جماعتوں کو آئندہ ہفتے مذاکرات کیلئے مدعو کرلیا۔ اپوزیشن نے ریفرنڈم منسوخ کرنے کامطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں مظاہروں کاسلسلہ جاری ہے۔ قاہرہ میں حکومتی جماعت اخوان المسلمون کا دفترجلادیاگیا ہے۔ پرتشدد مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہوچکی ہے جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔ پولیس نے مظاہرہ کرنے والے اسی افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔