9 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 8:2
مصرمیں حکومت اور حزب اختلاف میں مذاکرات کامیاب
اے آر وائی - مصرمیں حکومتی ٹیم اور حزب اختلاف میں مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور صدر مرسی اپنے اضافی اختیارات سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ مصری صدر نے نیا حکمنامہ جاری کردیا۔
مصر میں حکام کے مطابق صدر محمد مرسی نےگزشتہ ماہ اپنے اختیارات کو وسیع کرنے والے حکم نامے کو منسوخ کر دیا ہے۔قاہرہ میں ہونی والی نیوز کانفرنس میں بتایا گیا کہ ملک میں نئے آئینی مسودے پر ہونے والا ریفرنڈم اپنے مقررہ وقت یعنی پندرہ دسمبر کو ہو گا۔ مصری صدر محمد مرسی کے مخالفین ان پر ایک آمر کی طرح کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں تاہم محمد مرسی کا کہنا ہے کہ وہ انقلاب کو تحفظ دے رہے ہیں۔
مصر کے صدر محمد مرسی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر کی جانب سے جاری ہونے والا حکم نامہ فوری طور پر منسوخ ہو گیا ہے۔ محمد مرسی کے حامیوں کا کہنا ہےکہ ملک کی عدلیہ سابق صدر حسنی مبارک کے دور کے ان افراد پر مشتمل ہے جو ہر حکومتی فیلصے پر اپنا ردِ عمل ظاہر کرتی ہے۔ مصری صدر کی جانب سے بائیس نومبر کو اپنے اختیارات کو توسیع دینے کے بعد شروع ہونے والے ہنگاموں میں متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس سے پہلے مصر کی فوج نے کہا تھا کہ صدر مرسی کے نئے اختیارات کے تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے اور وہ مصر کو تاریک سرنگ میں جانے سے روکنے کے لیے مداخلت کرے گی۔مصر کی فوج کی جانب سے یہ بیان قاہرہ میں صدارتی محل کے باہر مظاہرے کے بعد سامنے آیا تھا۔فوج نے فروری دوہزار گیارہ میں حسنی مبارک کی معزولی کے بعد مصر پر ایک برس سے زیادہ عرصہ حکمرانی کی تھی۔