13 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 7:21
پاک بیلاروس تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات پر زور
اے آر وائی - بیلاروس نے پاکستان کے ساتھ تجارتی سمجھوتوں کے ذریعے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو ترقی دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے باہمی معاشی، تجارتی اور اسٹریٹجک تعلقات میں بہتری لانے کے لئے پاکستان میں اپنا سفارتخانہ قائم کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے ،یہ بات ایران میں مقیم پاکستان کے لئے تعینات بیلاروس کے سفیر وکٹر رائی بیک نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پرکہی ۔
انہوں نے چیمبر کے صدر ظفر بختاوری کے ساتھ بیلاروس اور پاکستان کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس ٹریکٹر کے علاوہ کھادوں، ڈمپر ٹرک اور کیمیکلز کے حوالے سے بہت مشہور ملک ہے ۔
انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے مابین آزادانہ تجارتی وفود کا تبادلہ ہونا چاہیے تاکہ باہمی تجارت کو فروغ دیا جا سکے ، اس سلسلے میں بیلا روس پاکستان میں اپنا سفاتخانہ بھی قائم کرسکتا ہے،
اس موقع پراسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اسے جدید زرعی مشینری کی اشد ضرورت ہے لہٰذا بیلارس پاکستان کو زرعی مشنری خصوصاً ٹریکٹر اور سپئرپارٹس مناسب قیمت پر فروخت کرے تاکہ پاکستان زراعت کے شعبہ میں مذید ترقی کر سکے۔