13 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 7:39
مصری صدر مرسی کے حزب اختلاف سے مذاکرات ملتوی
اے آر وائی - مصر کے صدر محمد مرسی اور حزب اختلاف کے رہنماوٴں کے درمیان ہونے والے مذاکرات ملتوی کردئیے گئے۔ مذاکرات نئے آئینی مسودہ پر ہونے تھے۔ ججز کی اکثریت نے آئین کے مسودے پر پندرہ دسمبر کو ہونے والے ریفرنڈم کی نگرانی کرنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد صدر مرسی نے ریفرنڈم دو مرحلوں میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔
پہلا مرحلہ پندرہ دسمبر جبکہ دوسرا مرحلہ بائیس دسمبر کو ہوگا۔ صدر کے حامیوں اور مخالفین کی ریلیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ہزاروں افراد قاہرہ کی سڑکوں پر نکل آئے اور صدارتی محل کے نزدیک رکاوٹوں کو عبور کرلیا۔
پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ فوج کو مظاہرین کو گرفتار کرنے کے اختیارات دئیے گئے ہیں۔ صدر کے مخالفین نے ریفرنڈم کے خلاف تحریر اسکوائر پر بڑا مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔