14 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 23:39
پاکستان نے اٹھارہ طالبان رہنماؤں کو رہا کر دیا
اے آر وائی - افغان حکام نے تصدیق کی ہے پاکستان نے اٹھارہ طالبان رہنماؤں کو رہا کر دیا ہے ۔ رہائی پانے والوں میں ملابرادر شامل نہیں ہے۔
افغان امن کونسل کے اہلکار معصوم ستنزئی نے برطانوی خبررساں ادارے کو بتایا کہ پاکستان اٹھارہ طالبان رہنماؤں کو رہا کر چکا ہے ۔ رہائی پانے والوں میں ملا عبدالغنی برادر شامل نہیں۔انہوں طالبان کی رہائی کا عمل مثبت قرار دیتے ہوئے مزید طالبان کی رہائی سے متعلق فہرستوں پر بھی کام جاری ہےاور اس حوالے سے پاکستان نے بھر پور حمایت کا یقین دلایا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کےمعظم خان کے مطابق پاکستان نے افغان حکام کی درخواست پر طالبان قیدیوں کی رہائی کے لیے ایک مشترکہ نظام تشکیل دیا ہے جو کہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے۔ اس نظام کے تحت مزید قیدیوں کی رہائی بھی ہوگی۔طالبان قیدیوں کی رہائی سے متعلق تصدیق ایسے وقت سامنے آئی جب دو روز پہلے ہی ترکی میں پاکستان اور افغان صدور نے سہ فریقی مذاکرات میں شرکت کی تھی۔