تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
15 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 1:21

امریکا ترکی کو2میزائل شکن نظام پیٹریاٹ بھیج رہا ہے،پینٹاگون

اے آر وائی - امریکا ترکی کو شام کی جانب سے داغے جانے والے راکٹوں سے حفاظت میں مدد کے لیے 2 میزائل شکن نظام پیٹریاٹ اور 400 فوجی بھیج رہا ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان جارج لٹل نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیر دفاع لیون پنیٹا نے ایک حکم نامے پر دستخط کیے ہیں جس کے مطابق واشنگٹن کے اہم اتحادی کو فوجی تعاون پیش کیا جائے گا۔



جارج لٹل نے کہا کہ میزائل شکن پیٹریاٹ آئندہ ہفتوں کے دوران ترکی میں نصب کر دیئے جائیں گے۔ جرمنی اور نیدرلینڈ بھی ترکی کو پیٹریاٹ نظام فراہم کررہے ہیں، جس کا انتظام نیٹو کے ہاتھ میں ہوگا۔ اس ماہ کے شروع میں نیٹو نے انقرہ کی جانب سے سرحد پار سے آنے والے گولوں اور راکٹوں پر اپنی تشویش کے اظہار کے بعد ترکی میں میزائل شکن نظام نصب کرنے کی منظوری دی تھی۔ ترکی کو خدشہ ہے کہ شام سرحد کے قریب باغیوں کے تعاقب میں ترکی کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کرسکتا ہے۔



واضح رہے کہ میزائل ڈیفنس سسٹم پر روس اور ایران تشویش کا اظہار کرچکے ہیں روسی وزارت خارجہ نے شام سے متعلق بیان پراپنے ہی نائب وزیرخارجہ کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔ روسی نائب وزیر خارجہ نے گذشتہ روز ایک بیان دیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ شامی صدر بشارالاسد ملک پر اپنا کنٹرول کھورہے ہیں اور حزب اختلاف کی کامیابی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، بہت جلد شام میں بشارالاسد کا تختہ الٹ دیا جائے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.