15 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 1:52
مصر میں آئینی مسودے پر ریفرنڈم آج ہورہا ہے
اے آر وائی - مصر میں آئینی مسودے پر ریفرنڈم آج ہورہا ہے۔ تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ فوج تعینات کردی گئی ہے۔ مصر کے دوسرے بڑے شہر اسکندریہ میں محمد مرسی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں تیرہ افراد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسکندریہ میں صدر مرسی کے حامیوں اور مخالفین نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا۔ صورت حال پر قابو پانے کے لیے پولیس کو طلب کر لیا گیا تھا لیکن پولیس اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود متحارب گروہوں کے درمیان سڑکوں اور بازاروں میں دوبدو لڑائی ہوئی۔ قاہرہ ،اسکندریہ اور آٹھ دوسرے شہروں میں عوام آج آئین کے نئے مسودے کے حق یا مخالفت میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
حکومت کی جانب سے آٹھ بڑے شہروں میں آج ریفرنڈم کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ایک ہفتے کے بعد بائیس دسمبر کو ملک کے دوسرے علاقوں میں آئین پر ریفرنڈم منعقد کرایا جائےگا۔ مصر کے نئے آئین سے متعلق دو مراحل میں ہونے والے ریفرینڈم پر اسلامی جماعتوں اور ان کے مخالف لبرل،سیکولر طبقوں کے درمیان شدید کشیدگی پائی جارہی ہے۔
اس سے قبل دونوں دھڑوں کے حامیوں کے درمیان قاہرہ اور دوسرے شہروں میں بھی جھڑپیں ہو چکی ہیں۔ جن میں آٹھ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔