17 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 14:51
غیرٹیکس شدہ دولت کی حوصلہ شکنی کرینگے، سوئیس حکومت
اے آر وائی - اپنے اپنے ملکوں سے دولت نکال کر سوئیس بینکوں میں چھپانے والوں کیلئے ایک بُری خبر یہ ہے کہ سوئیزر لینڈ کی حکومت نے غیر ٹیکس شدہ دولت کی حوصلہ شکنی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس حوالے سے نیا قانون بنانے کا حکم دے دیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سوئیس حکومت کے وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ غیر ٹیکس شدہ دولت کی حوصلہ شکنی کیلئے نیا قانون بنایا جائیگا اور اس حوالے سے بینکوں اورمالیاتی اداروں کیلئے قوانین سخت کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے سوئیس حکومت کی وفاقی کونسل نے وزارت خزانہ کو آئندہ سال نئے قانون کا ڈرافٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ نیا قانون بننے کے بعد بینکس کھاتے داروں کا غیر ٹیکس شدہ پیسہ نہ لینے کے پابند ہوں گے۔
سوئیس وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے سرمائے کی فراہمی روکنے میں بھی معاون ثابت ہوگا جس کے لئے قوانین پہلے ہی نافذ ہیں۔ اُن کا کہنا تھاکہ سوئیس بینکوں کو غیرملکی کھاتے داروں کے حوالےسے ٹیکس ڈیکلریشن پر لازمی عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔ سوئیس بینکرز ایسوسی ایشن نے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔