19 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 0:53
عالمی رہنماؤں کے پولیو رضاکاروں کی موت پر مذمتی بیان
اے آر وائی - اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور امریکی ترجمان وکٹوریہ نو لینڈ سمیت عالمی رہنماؤں نے پاکستان میں پولیو رضاکاروں کی المناک موت کو سانحہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے منگل کے روز پاکستان کے مختلف شہروں میں اقوام متحدہ کے 6 پولیو ورکرز کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستانی مندوب مسعود خان کو بھی طلب کرلیا ہے جو آج سیکریٹری جنرل سے ملاقات کریں گے۔
ادھر امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے بھی پاکستان میں پولیو ورکرز کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اورکہاکہ پولیو کے خلاف مہم میں شریک افراد کو کسی بھی ملک میں نشانہ بنانا قبول نہیں۔ وکٹوریہ نولینڈ کا کہنا تھا کہ امریکا قتل ہونے والے پولیو ورکز کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز کے ساتھ امریکا کی ہمدردی جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ کراچی اور پشاور میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے 6 پولیو ورکرز کو قتل کردیا تھا جن میں 4 خواتین شامل تھیں۔