20 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 1:34
افغان حکام اور طالبان کے درمیان مذاکرات آج شروع ہورہے ہیں
اے آر وائی - فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بارہ سال میں پہلی مرتبہ افغان حکام اور طالبان گروہوں کے درمیان تین روزہ مذاکرات آج سے شروع ہورہے ہیں۔ فرانسیسی وزارت دفاع ، خارجہ اور مقامی تھینک ٹینک کے تعاون سے منعقد کئے جانے والے مذاکرات میں بیس افراد شریک ہوں گے۔
بات چیت میں طالبان کی نمائندگی قطر میں ان کے سیاسی دفتر کے سینیئر ممبران شہاب الدین دلاور اور نعیم وردگ کر رہے ہیں۔ گلبدین حکمت یار کی حزبِ اسلامی کی جانب سے غیرت بہیر پیرس پہنچے ہیں۔ افغان حکومت کی جانب سے صدر حامد کرزئی کے مشیر حاجی دین محمد اور امن کونسل کے سینیئر ممبر معصوم سٹنکزئی کی شرکت متوقع ہے۔
افغان حکومت کے نمائندوں اور طالبان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ امن بات چیت ہے اور نہ ہی سیاسی مذاکرات۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں شرکاء دوہزارچودہ میں نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد افغانستان کے مستقبل پر بات چیت کریں گے۔
گذشتہ روز اقوام متحدہ نے طالبان رہنماؤں پر طویل عرصے سے عائد سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا تا کہ وہ افغانستان سے باہر امن مذاکرات میں حصہ لے سکیں۔