21 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 21:25
جان کیری کو امریکی وزیرخارجہ بنانے کا اعلان
اے آر وائی - امریکی صدر براک اوباما نے کیری لوگر بل کے محرک سینیٹر جان کیری کو وزیرخارجہ بنانے کا اعلان کر دیا ہے ۔امریکی صدر کا کہنا ہے کہ وہ جان کیری کی بطور وزیر خارجہ سینیٹ سے منظوری کیلئے پر امید ہیں ۔ وزیر خارجہ ہلری کلنٹن صدر اوباما کے پہلے دورِ صدارت میں اس عہدے پر فائز رہنے کے بعد مستعفی ہو رہی ہیں۔
سینیٹر جان کیری امریکا کے نئے وزیر خارجہ ہونگے ۔ صدر اوباما نے وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب میں اس کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ ان کی خواہش تھی کہ ہیلری کلنٹن اگلی مدت بھی وزیر خارجہ برقرار رہیں تاہم ہیلری نے معذرت کر لی جس کے بعد جان کیری کو وزیر خارجہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اوباما نے ہیلری کلنٹن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ چار برس تک انہوں نے پوری امریکا کو محفوظ بنانے کیلئے جو کردار ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے ۔ جان کیری سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔ وہ دو ہزار چار کی صدارتی دوڑ میں ڈیموکریٹ جماعت کے امیدوار تھے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق جان کیری کا شام میں جاری بحران، امریکی فوج کا افغانستان سے انخلاءاور ایران کا ایٹمی پروگرام ان کی توجہ کا مرکز ہو گا۔جان کیری لوگر بل کے محرک بھی ہیں جس کے تحت پاکستان کو سالانہ ڈہڑھ ارب ڈالر کی امداد ملنا تھی ۔ اس کے علاوہ وہ متعدد بار پاکستان کا دورہ بھی کر چکے ہیں اور ریمنڈ ڈیوس واقعہ کے بعد پاک امریکا تعلقات کی بہتری کیلئے ان کا انتہائی اہم کردار رہا ہے ۔