تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
22 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 7:13

بھارت : طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے خلاف احتجاج

اے آر وائی - بھارت میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔ ہزاروں مظاہرین نے ایوان صدر کے باہر مظاہرہ کیا۔ مشتعل افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔



بھارت میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی کیخلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔نئی دہلی میں ایوان صدر کے باہر بھی شہری احتجاج کررہے ہیں۔ مشتعل افراد نے ایوان صدر میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ بھی ہوئی۔ پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کرکے مظاہرین کو منتشر کیا۔ نئی دہلی کے انڈیا گیٹ پر بھی سیکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا۔



سابق آرمی چیف وی کے سنگھ نے بھی مظاہرے میں شرکت کی اور ان واقعات کو ناقابل معافی قرار دیا۔زیادتی کے واقعے کے خلاف دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔



مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ملزموں کو موت کی سزا سنائی جائے اور زیادتی کے خلاف مزید سخت قوانین بنائے جائیں۔ پولیس نے زیادتی میں ملوث چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔



بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دہلی کی تہاڑ جیل میں موجود زیادتی کے ایک ملزم کو قیدیوں نے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد اسے باقی قیدیوں سے الگ کر دیا گیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.