22 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 8:34
دنیا کے متعدد ممالک میں شدید برف باری ، نظام زندگی مفلوج
اے آر وائی - دنیا کے کئی ملکوں میں شدید سرد موسم نے نظام زندگی مفلوج کردیا، امریکا میں آنے والے برفانی طوفان نے لوگوں کو مشکل میں ڈال دیا۔ ماسکو میں درجہ حرارت منفی بائیس ہوگیا، یوکرین میں سردی سے تراسی افراد ہلاک ہوگئے۔
طوفان سے ریاست اوہایو میں برف کی موٹی تہہ بچھ گئی اورمتعدد علاقوں میں لوگ بجلی سے محروم ہوگئے۔ طوفانی ہواوٴں کی رفتار تقریباً سو کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ مشی گن اور دیگر مغربی وسطی ریاستوں میں موسم سرما کے دوران برف کا یہ پہلا طوفان ہے۔
شہری اور سرکاری اہل کار برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔ برف کے طوفان کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی ہوگئیں اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ مغربی وسطی ریاستوں میں پروازیں منسوخ کردی گئیں اور تعطیلات منانے کے لئے سفر پر نکلنے والے لاکھوں افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
انتظامیہ نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بلا ضرورت گھروں سے باہرنہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔ ماسکو، یوکرین، بلغاریہ اور دیگر یورپی ممالک میں بھی شدید برفباری جاری ہے۔ منفی درجہ حرارت کے باعث موسم انتہائی سرد ہو گیا۔