23 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 16:4
نئی دہلی، طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے خلاف احتجاج
اے آر وائی - بھارت میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔ ہزاروں مظاہرین نے ایوان صدر کے باہر مظاہرہ کیا۔ مشتعل افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔
بھارت میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے چھ ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک سبزی فروش اور دوسرا جم انسٹرکٹر ہے۔ اجتماعی زیادتی کے واقعے کیخلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔ طلباء و طالبات کے ایک وفد نے واقعے کے حوالے سے کانگریس آئی کی رہنما سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔
سونیا گاندھی نے انہیں یقین دلایا کے ملزمان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ نئی دہلی میں ایوان صدر کے باہر بھی شہری احتجاج کر رہے ہیں۔ مظاہروں میں اسکول اور کالجز کی طالبات کے علاوہ گھریلو خواتین بھی شریک ہیں۔ پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں جاری ہیں۔ بعض علاقوں میں پولیس نے لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال کر کے مظاہرین کو منتشر کیا۔ نئی دہلی کے انڈیا گیٹ پر بھی سیکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا۔
سابق آرمی چیف وی کے سنگھ نے بھی مظاہرے میں شرکت کی اور واقعے کو ناقابل معافی قرار دیا۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ملزموں کو موت کی سزا سنائی جائے اور زیادتی کے خلاف مزید سخت قوانین بنائے جائیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دہلی کی تہاڑ جیل میں موجود زیادتی کے ایک ملزم کو قیدیوں نے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد اسے باقی قیدیوں سے الگ کر دیا گیا۔