1 جنوری 2013
وقت اشاعت: 7:59
امریکی فسکل کلف : حکومت اور حزب اختلاف میں معاہدہ ہو گیا
اے آر وائی - امریکہ میں دونوں سیاسی پارٹیوں کے درمیان فسکل کلف پر معاہدہ طے پاگیا ہے۔ وائٹ ہاوٴس اور ری پبلکن متوسط طبقے کے لیے ٹیکسوں میں رعایت اور اخراجات میں خود کار کٹوتی سے متعلق ایک معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں تاہم اسے قانونی شکل نہیں دی جا سکی ہے۔
منگل کو عام تعطیل ہونے کے باعث تمام مارکیٹیں بند ہیں اس لیے معاہدہ نہ ہونے کے فوری اثرات ظاہر ہونے کا امکان نہیں ہے۔معاہدے کو حمایت حاصل ہونے کے بعد نائب صدر جوزف بائیڈن نے اس بارے میں بریفنگ دی۔
امریکی سینیٹ میں اس معاہدے پر منگل کی صبح ووٹنگ کا امکان ہے۔ٹیکس میں اضافے اور حکومتی اخراجات میں کٹوتی کے بارے میں سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں منظور ہونے والا قانون اکتیس دسمبردوہزار بارہ کو ختم ہوگیا ہے اور نئے قانون پر اتقاق نہ ہونے کی صورت میں متوسط طبقے کے لیے ٹیکسوں میں رعایت کے خاتمے اور حکومتی اخراجات میں کٹوتی کا خود کار نظام نافذ العمل ہونا ہے۔