10 جنوری 2013
وقت اشاعت: 5:25
وینزویلا کے صدر ہوگو شاویز کی حلف برادری تقریب ملتوی
اے آر وائی - وینزویلا کی سپریم کورٹ نے صدر ہوگوشاویز کے حلف لینے میں تاخیر کو قانونی قرار دیتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دائر درخواستوں کو خارج کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وینزویلا کی سپریم کورٹ میں نائب صدر لویزا اسٹالا مورلاس نے حکومتی موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدر ہوگوشاویز علاج کے باعث حلف لینے میں تاخیر کررہے ہیں اور ملک کسی قسم کے بحران کا شکار بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے آئین کے مطابق صدر کے عہدے کی حلف برداری بعد میں کسی تاریخ کو کر دی جائے۔ وینزویلا کی سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ حلف اٹھانا ایک اہم رسم ہے اس لئے حلف کی تاریخ میں توسیع کی جاتی ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے کہا ہے کہ ہمیں ہوگوشاویز کے ساتھ کام کرنے میں کوئی حرج نہیں۔
واضح رہے کہ وینزویلا کے 58 سالہ صدر ہوگوشاویز کو آج اگلی مدت کے لیے حلف اٹھانا تھا تاہم علاج کے باعث حلف برداری کی تقریب منسوخ ہوگئی۔