تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
12 جنوری 2013
وقت اشاعت: 1:55

سعودی عرب میں 30 خواتین شوریٰ کونسل میں شامل

اے آر وائی - سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 30 خواتین کو شوریٰ کونسل میں شامل کرلیا گیا ہے۔ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے ایک تاریخی حکم نامہ جاری کیا ہے۔اس کے تحت خواتین کو بھی شوریٰ کونسل کا رکن بنانے کی منظوری دی گئی ہے۔



شاہ عبداللہ کی جانب سے جاری کردہ فرمان کے تحت ایک سو پچاس ارکان پر مشتمل شوریٰ کونسل کے دستور میں دو دفعات میں ترمیم کی گئی ہے۔ دفعہ تین میں پہلی ترمیم کے تحت شوریٰ کونسل میں خواتین کے لیے بیس فی صد کوٹا مختص کیا گیا ہے۔ شاہی فرمان کے تحت شوریٰ کونسل کے دستور کی دفعہ بائیس میں دوسری ترمیم کی گئی ہے اور اس میں بعض ذیلی شقوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔



شاہی فرمان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ شوریٰ ایوان میں آنے اور جانے کے لیے خواتین ارکان کامخصوص الگ راستہ ہوگا۔ ان کےلیےایوان میں نشستیں بھی مردوں سے الگ مخصوص ہوں گی تاکہ وہ اپنے امور کو آزادی سے انجام دے سکیں۔



واضح رہے کہ شوریٰ کونسل کے ارکان کو سعودی شاہ مقرر کرتے ہیں۔یہ کونسل سعودی عرب کے مشاورتی ادارے کے طور پر کام کرتی ہے اور یہ ضروریات اور حالات کے تقاضوں کے مطابق قوانین کے مسودے تیار کرکے شاہ عبداللہ کو بھیجتی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.