22 جنوری 2012
وقت اشاعت: 13:24
شام میں پرتشدد کارروائیاں جاری،دھماکے سے15قیدی ہلاک
اے آر وائی - شام میں عرب مبصرین کی موجودگی بے سود پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں۔ تازہ واقعات میں پندرہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دارالحکومت دمشق کے نواح میں حزب اختلاف اور سرکاری فوج کے درمیان شدید جھڑپیں بھی جاری ۔
ادلیب اور اریحہ کے درمیان قیدیوں کو لے کر جانے والی گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چودہ قیدی ہلاک ہوگئے۔ عرب لیگ نے پرتشدد واقعات میں کمی نہ ہونے کے باعث مبصرین کی شام میں موجودگی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شام میں انسانی حقوق کےلیے کام کرنے والی تنظیم کے مطابق گاڑی سڑک پر نصب بارودی مواد سے ٹکرائی جس سے پندرہ ہلاکتیں اورمتعدد زخمی ہوئے۔
سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق زخمیوں میں چھ سکیورٹی گارڈز بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب زندگی میں رنگ بھرنے کے لئے بازاروں میں عوام کی چہل پہل شروع ہو گئی اور مارکیٹیں کھلنے کا آغاز ہوگیا ہے۔