27 جنوری 2012
وقت اشاعت: 14:45
بھارتی وزیرقانون کا انا ہزارے کو رتنا ایوارڈ دینے سے انکار
اے آر وائی - بھارتی وزیر قانون سلمان خورشید نےانا ہزارے کو اعلیٰ سول ایوارڈ بھارت رتنا دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایوارڈ صرف اعلیٰ خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر کی جانب سے کرپشن کے خلاف مہم چلانے والے بزرگ رہنما انا ہزارے کو بھارت رتنا ایوارڈ دینے کے مطالبے کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شخص کا احترام کیا جانا چاہیے لیکن جہاں تک اس ایوارڈ کا تعلق ہے صرف اعلیٰ خدمات انجام دینے والوں ہی کو دیا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل یہ ایوارڈ فن، ادب، سائنس اور عوامی خدمات تک محدود تھا، جس کی وجہ سے حکومت کو کھیل اور دیگر شعبوں میں اعلیٰ خدمات انجام دینے والوں کے حوالے سے مشکلات کا سامنا تھا۔ سلمان خورشید کا کہنا ہے کہ وہ انا ہزارے کی اینٹی کرپشن مہم کو سراہتے ہیں تاہم عوامی تقاریر اور محض قانون سازی اس ایوارڈ کے لیے کافی نہیں۔