21 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 21:1
گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے
اے آر وائی - گستاخانہ امریکی فلم اور فرانسیسی میگزین میں توہین آمیزخاکوں کے خلاف دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔ بنگلہ دیش میں ہزاروں افراد سڑکوں پرآگئے۔عراق ،فلسطین ،لبنان ،ملائشیا،تھائی لینڈ ،سری لنکا اور افغانستان میں بھی مظاہرے کیے گئے۔
گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف دنیا بھرکے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہزاروں افراد سڑکوں پرآگئے اور امریکی سفارتخانے کی جانب مارچ کیا۔ مظاہرین نے امریکی صدر کے پتلے اور تابوت نذرآتش کیے۔ سری لنکا کےدارالحکومت کولمبومیں بھی احتجاج کیا گیا ۔ مظاہرین امریکی سفارتخانے جانا چاہتے تھے جنہیں پولیس نے روک دیا۔
عراق کے شہر بصرہ میں مظاہرین نے امریکی اور اسرائیلی پرچم نذرآتش کیے۔۔مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر توہین آمیز ویڈیو انٹرنیٹ سے نہیں ہٹائی گئی تو وہ تیل کے پروجیکٹس پر کام کرنے والے امریکیوں کو ملک سےباہر نکال دیں گے۔ لبنان میں ملعون امریکی فلمسازکے خلاف مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں بھی توہین آمیز خاکوں اور فلم کےخلاف مظاہرہ کیاگیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ملائیشاکے دارالحکومت کوالالمپور میں امریکی سفارتخانے کےباہر مظاہرہ کیا گیا۔ بینکاک میں بھی امریکی سفارتخانے کےباہر مظاہرہ ہوا۔
افغانستان میں گستاخانہ فلم کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ کابل میں جمعہ کی نمازکے بعد مختلف مقامات پرعوام نے غم و غصے کا اظہارکیا۔ مقبوضہ کشمیرمیں طالبات نے ملعون امریکی فلمسازکےخلاف ریلی نکالی ۔ اقوام متحدہ کی ہائی کمشنربرائے انسانی حقوق نیوی پلےنےگستاخانہ فلم کی مذمت کی۔