7 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 12:43
شام میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری
اے آر وائی - شام میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ واقعات میں عدلیب کے علاقے میں چالیس سکیورٹی اہلکار اور نو مخالفین ہلاک ہوگئے۔ امریکا نے شام ترکی تنازع کو سفارتی عمل سے حل کرانے کا عزم کیا ہے۔
خیر بات الجوز کے علاقے کاکنٹرول حاصل کرنے کے لیے باغیوں اور شام کی سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ اس سے قبل جھڑپ کے دوران شامی فورسز کے پچیس اہلکار اور تین مخالفین ہلاک ہوئے۔ دوسری جانب شام کی جانب سے گولہ باری کے ایک تازہ واقعے کے بعد ترکی کی فوج نے جوابی کارروائی کی ۔ جس سے علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے۔
ادھر امریکا کے وزیردفاع لیون پینیٹا نے کہا ہے کہ شام اور ترکی کے درمیان جاری گولہ باری کے تبادلے سے تنازعے میں شدت کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ اور اس تنازعہ کی زد میں ہمسایہ ممالک بھی آسکتے ہیں، لیون پینیٹا نے بتایا کہ امریکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی روکنے کے لیے سفارتی چینلز استعمال کر رہا ہے، دوسری جانب شام میں اقوام متحدہ عرب لیگ امن سفیر لخدر ابراہیمی کے نمائندے مختارلامانی نے لجت نامی شہر میں شامی باغی رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔