29 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 18:27
امریکا میں سمندری طوفان سینڈی کا خطرہ سر پر پہنچ گیا
اے آر وائی - امریکا میں سینڈی طوفان سے پہلے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ،طوفان آئندہ چند گھنٹوں میں ساحل سے ٹکرائے گا ، نو ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سپر طوفان سینڈی تیزی سے امریکی ساحلوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ طوفان سے نمٹنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ ساحلی علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق سینڈی نیوجرسی اور ڈیلاوئیر کے درمیان ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ طوفان سے پہلے برمودا سے لے ڈیٹرائٹ تک گہرے بادل چھا گئے۔ شمالی کیرولینا کے قریب کوسٹ گارڈز نے طوفانی لہروں میں پھنسی کشتی سے سترہ افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
صدر اوباما نے پنسیلوانیا ،رہوڈز آئی لینڈ اور دیگر ریاستوں میں ایمرجنسی کے نفاذکے حکم نامے پر دستخط کر دئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اورتیز ہوا چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ طوفان شمالی کیرولینا سے دوسو نوے میل دورہے۔ جس کے باعث مشی گن جھیل میں بیس پچیس فٹ بلند لہریں پیدا ہو رہی ہیں۔
ریاست میری لینڈ میں بھی شدید بارش شروع ہوگئی اور پچاسی میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ ساحلی علاقوں سے نقل مکانی جاری ہے۔ حکام نے طوفان سے ساحلی علاقوں میں اربوں ڈالرز کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔