تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
2 نومبر 2012
وقت اشاعت: 5:55

نیویارک کے لاکھوں شہری اب بھی بنیادی سہولتوں سے محروم

اے آر وائی - سینڈی کے بعد نیویارک کے لاکھوں شہری اب بھی بجلی، پانی، ٹیلی فون اور نکاسی آب کی سہولتوں سے محروم ہیں اور ہزاروں افراد گھروں کو واپسی کے منتظر ہیں۔ طوفان سے امریکا میں ہلاکتوں کی تعدادنوے سے بڑھ گئی۔ بجلی کی بحالی کیلئے فوج بھی میدان میں آگئی ہے۔



نیویارک اور دیگر متاثرہ علاقوں میں صفائی اور تعمیر و مرمت کاکام جاری ہے۔ لاگارڈا ایئرپورٹ دوبارہ آپریشنل ہوگیا ہے۔ نیویارک کا زیرزمین ریلوے نظام چار روز سے معطل ہے۔ بجلی کے نظام کی مکمل بحالی میں مزید چند روز لگیں گے۔



نیوجرسی کے ساحلی شہر اور قصبوں کو بحالی کے لیے کئی برس درکار ہوں گے کیونکہ وہاں تباہی کا دائرہ بہت وسیع اور شدید ہے۔نیوجرسی کے گورنر نے متاثرہ علاقوں کادورہ کیا اور نقصان کا اندازہ لگایا۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت عوام کے ساتھ ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔



سینڈی کے باعث نیویارک کے شہریوں کو گیس اور پیٹرول کی قلت کا بھی سامنا ہے۔گیسولین کی عدم دستیابی کے باعث مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، توانائی کے محکمے کے مطابق سینڈی کے باعث پینتالیس لاکھ افراد فیول کی عدم دستیابی سے متاثر ہوئے۔



محکمے کے مطابق گیس یا پیٹرول کی قلت نہیں ہوئی بلکہ بجلی کی معطلی کی وجہ سے یہ صورتحال پیش آئی، سپر طوفان سینڈی سے ویسٹ ورجینیا، ورجینیا، واشنگٹن ڈی سی، میری لینڈ، اوہائیو، نیویارک اور نیوجرسی سمیت کئی علاقے لپیٹ میں آئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.