3 نومبر 2012
وقت اشاعت: 12:59
امریکا میں صدارتی مہم عروج پرپہنچ گئی
اے آر وائی - امریکا میں منگل کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لئے صدارتی مہم عروج پر پہنچ گئی ہے اور دونوں صدارتی امیدوار ووٹرز کو اپنے حق میں کرنے کے لئے پورا زور لگا رہے ہیں۔ سینڈی طوفان کے باعث معطل کی جانے والی امریکی صدارتی مہم ایک بار پھر زور وشور سے شروع کردی گئی ہے اور دونوں صدارتی امیدواراپنی پالیسیوں کو دوسرے سے بہتر قرار دے رہے ہیں۔
ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدربراک اوباما نے وسکونسن نیواڈا،کولوراڈواور اوہائیو کے دورے سے اپنی مہم کا دوبارہ آغاز کیا۔ اوہائیو میں الیکشن ریلی سے خظاب کرتے ہوئے اوباما نے اپنی معاشی پالیسیوں کوانتہائی کامیاب اورموثر قرار دیا۔
ری پیبلکن امیدوار مٹ رومنی نے ویسٹ چیسٹر اوہائیو میں اپنے حامیوں سے خطاب میں صدر اوباما کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اوباما کی پہلی مدتِ صدارت کے دوران متوسط طبقہ مالی طور پر پِس چکا ہے۔ رومنی نے ووٹرز کو یقین دلایا کہ اگروہ صدر منتخب ہوگئے تو امریکا میں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔ کانٹے کے مقابلے میں اوباما فاتح بنتے ہیں یا رومنی سرخرو ہوتے ہیں یہ تو آنے والا وقت بتائے گا۔