6 نومبر 2012
وقت اشاعت: 14:16
نئےامریکی صدر کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری
اے آر وائی - آئندہ چار برسوں کے لئے نئےامریکی صدر کے انتخاب کے لئے نیویارک، انڈیانا ورجینیا سمیت چھبیس امریکی ریاستوں میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے ۔ نائب صدر جوبائیڈن نے ڈیلاور میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ امریکی میڈیا نے فلوریڈا، مشی گن اورپینسلوانیا کےنتائج کو اہم ترین قراردے دیا۔
امریکہ میں مشرق سے مغرب تک چار مختلف ٹائم زون ہونے کی وجہ سے مختلف اوقات میں ووٹنگ کےاوقات مقررکیے گئے ہیں۔ ریاست نیو ہمپشائر کے ایک گاؤں ڈکس ویلی نوچ میں پولنگ کا آغاز سب سے پہلے ہوا جہاں بارہ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے دس نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ یہاں ری پیبلکن پارٹی کے امیدوار مٹ رومنی اور صدر براک اوباما نے پانچ پانچ ووٹ حاصل کئے ۔ تاریخ میں پہلی بار دونوں صدارتی اُمیدواروں کو برابرووٹ ملے ہیں، لیکن حتمی اعلان بعدمیں ہو گا۔
نیو ہمپشائر ہی میں ہارٹ قصبے میں اوباما کو تئیس اور رومنی کو نو ووٹ ملے۔ فلوریڈا کے علاقے ڈورل میں ساڑھے سات گھنٹے کی تاخیر کے بعد ووٹنگ کا آغازہوا جہاں لوگوں کی لمبی قطار ووٹ ڈالنے کی منتظر تھی۔ گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے تین اہم ریاستوں اوہایو، مغربی ورجینیا اور اشمالی کیرولائنا میں پولنگ کا عمل شروع ہوا۔ دیگر ریاستوں میں بھی ووٹنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے ویلمنگٹن ڈیلاور میں اپنا ووٹ ڈالا ریاست ورجینا میں ووٹرزمیں ایک بڑی تعداد خواتین کی تھی۔ سب سے پہلے ووٹنگ ریاست انڈیانا اور کنٹکی سے گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق منگل کی رات گیارہ بجے اور سب سے آخر میں ریاست الاسکا میں بدھ کی صبح پانچ بجے ختم ہوگی۔
امریکا میں قبل از وقت بھی ووٹ ڈالے جاتے ہیں۔ اس کا مقصد ایک تو ووٹنگ کے دن پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کی طویل قطاروں سے بچنا اور دوسرا جو انتخاب کے دن اپنے حلقے سے دور ہو، جن میں انتخابی مہم میں حصے لینے والے کارکن، انتخابی عمل کی نگرانی کرنے والے افراد، طبی عملہ وغیرہ شامل ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ موجودہ الیکشن میں تقریباً تیس فیصد ووٹرز اپنا حق رائے دہی ارلی ووٹنگ کی سہولت کے تحت استعمال کریں گے۔
امریکی میڈیا کے سروے کے مطابق صدر اوباما کو اڑتالیس فیصد ووٹرز کی جبکہ رومنی کو چھیالیس فیصد کی حمایت حاصل ہے۔ ریاست کولوراڈو میں امریکی صدر کو اڑتالیس فی صد اور مٹ رومنی کو سینتالیس فی صد جبکہ ریاست اوہایومیں صدراوباما کو پچاس فی صد اور مٹ رومنی کو چھیالیس فی صد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے۔