9 نومبر 2012
وقت اشاعت: 9:21
ایرانی طیاروں کی امریکی ڈرون پر فائرنگ
اے آر وائی - ایران کے ڈرون طیاروں نے خلیج پر پرواز کرنے والے امریکی ڈرون طیارے پر فائرنگ کی تاہم ڈرون کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
امریکی وزارت دفاع کے مطابق خلیج پر پرواز کرنے والے ڈرون پر ایرانی جیٹ فائٹرز سے دومرتبہ فائرنگ کی گئی لیکن فائرنگ سے ڈرون کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ایرانی جیٹ طیاروں نے بین الاقوامی فضائی حدود میں ڈرون پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کا واقعہ یکم نومبر کو پیش آیا۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر کو اس واقعے کے بارے میں آگاہ کردیا گیا جبکہ ایران کو مطلع کردیا گیا ہے کہ امریکا خلیج میں بین الاقوامی فضائی حدود میں نگرانی کے لیے پروازیں جاری رکھے گا۔ پچھلے سال ایران نے ایرانی فضائی حدود میں پرواز کرنے والا ڈرون مار گرایا تھا اور اس کا ملبہ امریکہ کو واپس کرنے سے انکار کر دیا تھا۔