13 نومبر 2012
وقت اشاعت: 18:48
پائولا نے پیٹریاس کی بیوی کی مدد سے اپنا چکر چلایا
اے آر وائی - سی آئی اے کے مستعفی سربراہ ڈیوڈ پیٹریاس کی زندگی میں ہل چل مچانے والی خاتون صحافی پاؤلا بڑاڈویل نے بیوی سے حاصل معلومات کی مدد سے ڈیوڈ کے دل پر نقب لگائی ۔ ڈیوڈ پیڑیاس کے سابق ترجمان نے انکشاف کیا ہے پاؤلا سوانح عمری لکھنے کے سلسلے میں ان کی اہلیہ سے مستقل رابطے میں رہتی تھیں اور پیٹریاس سے متعلق تمام تر معلومات جو پاؤلا تک پہنچیں ان کا ذریعہ دراصل ڈیوڈ پیٹریاس کی بیوی ہی تھیں۔
مزے کی بات یہ ہے کہ پیٹریاس نے افئیر عام ہونے کے بعد بھی پاؤلا سے ناتا نہیں توڑا بلکہ رابطے میں رہے اور ایسا بھی نہیں ہوا کہ اس دوران انہوں نے اپنی اہلیہ کونظرانداز کیا ہو۔ لیکن ظالم سماج آڑے آ ہی گیا اور پیٹریاس کو مجبوراً تمام رابطے ختم کرنا پڑے۔ پیٹریاس کے عشق نے امریکا کے اعلی حکام کی صفوں میں بھی تہلکہ مچا دیا۔ وزیر دفاع لیون پنیٹا نے ڈیوڈ پیٹریاس کے استعفی دینے کے فیصلے کو درست قرار دیا تو کانگریس نے ایف بی آئی سے مزید تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ۔
دوسری جانب سینٹ کی انٹیلیجنس کمیٹی نے اس معاملے سے بے خبر رکھنے پرایف بی آئی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ایف بی آئی نے بھی کارکردگی دکھائی اور پاؤلا کے شمالی کیرولائنا میں واقع گھر پر چھاپہ مارا لیکن وہاں سے برآمد کیا کیا اس کی تفصیلات نہیں بتائیں ۔