تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
15 نومبر 2012
وقت اشاعت: 5:16

غزہ پراسرائیل کی وحشیانہ بمباری،دن بھرمیں20حملے،10شہید

اے آر وائی - غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری ،دن بھرمیں بیس حملوں کے نتجے میںحماس کمانڈر سمیت دس افراد جاں بحق ہوگئے۔ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج اور عرب لیگ کا اجلاس ہفتے کو ہورہا ہے۔ امریکی صدر اوباما نے اسرائیلی وزیراعظم اور مصری صدر کو ٹیلی فون کر کے موجودہ صورتحال پر غور کیا۔



عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کی پٹی میں 20 سے زائد مقامات پر بمباری کی اور ایک گاڑی کو بھی میزائل سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں حماس کی عسکری ونگ القاسم بریگیڈز کے کمانڈر سمیت 10 افراد شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے حماس کے کمانڈر کی شہادت کی تصدیق کردی ہے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ فوج غزہ پر حملے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ سےمسلسل اسرائیلی سر زمین پر راکٹ فائر کیئے جارہے ہیں جنہیں اب برداشت نہیں کیا جائے گا۔



اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ غزہ سے 13 راکٹ فائر کئے گئے جن سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اگر اس طرح غزہ سے راکٹ فائر ہوتے رہے تو اسرائیلی فوج غزہ پر زمینی حملے کیلئے تیار ہے۔دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اسرائیل پر جہنم کے دروازے کھول دے گی اور اسرائیل کے خلاف کارروائیوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے دیگر مزاحمتی گروپوں سے صلاح مشورے شروع کردیئےہیں۔



اسرائیلی کی جانب سےفلسطینیوں کی شہادت کے بعد مصر نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی بڑھتی جارہی ہے ۔ عرب لیگ نے صورتحال پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی بمباری کے بعد غزہ کی پٹی میں کشیدگی بڑھ گئی ہے جس کے بعد عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس ہفتے کو طلب کر لیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.