16 نومبر 2012
وقت اشاعت: 4:59
اردن،پٹرول کی قیمت بڑھنے پراحتجاج،1شخص ہلاک
اے آر وائی - اردن میں پیٹرول کی قیمت اضافے کے خلاف ہزاروں افراد کا پر تشدد احتجاج، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپوں کے دوران ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اردن میں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر غریب عوام کے ساتھ ظلم کر رہی ہے اس لئے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی ناقص پالیسیوں کو چھپانے کیلئے عوام کو مہنگائی کا تحفہ دے رہی ہے ، حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو وزیراعظم فوری طور پر استعفیٰ دے دیں۔
احتجاج اس وقت پر تشدد ہوگیا جب پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس پر مظاہرین مشتعل ہوگئے اور پولیس پر پتھراوٴ شروع کردیا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔۔