18 نومبر 2012
وقت اشاعت: 13:57
غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ،52فلسطینی شہید
اے آر وائی - احتجاج اور عالمی دباؤ کے باوجود غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے ۔ پانچ دن میں شہیدفلسطینیوں کی تعداد باون ہوگئی،غزہ میں سڑکیں سنسان اور آسمان جنگی اور ڈرون طیاروں سے بھرا ہوا ہے ۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے غزہ پرحملے بڑھانے کی دھمکی بھی دے دی ہے ۔
اسرائیلی کی غزہ پرجارحیت پانچویں روز بھی جاری ہے ۔ اسرائیل نے فضائی حملوں کے ساتھ بحری جہازوں سے بھی غزہ پر میزائل داغے ۔اب تک آٹھ سو سے زائد حملوں میں باون افراد کے شہید اور سیکڑوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔اقوام متحدہ کی تنظیم نے مزید کہا کہ غزہ میں ہسپتال زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں اور ان ہسپتالوں میں طبی سپلائی کم پڑ رہی ہے۔
غزہ میں سڑکیں سنسان ہیں اور فضا میں جنگی جہاز اور ڈرون پرواز کر رہے ہیں ۔ لوگ صرف خوراک یا ایندھن لینے کے لیے گھروں سے نکلتے ہیں۔قاہرہ میں عرب لیگ کے اجلاس کے ساتھ ساتھ حماس کے سربراہ خالد مشعال، امیرقطر ، ترک وزیر اعظم اور مصر ی صدرکے درمیان چارفریقی مزاکرات بھی ہو رہے ہیں ۔
مصر ی صدر محمد مرسی نے کہا کہ اس بات کے ’کچھ اشارے‘ ہیں کہ ’غزہ میں شاید جلد جنگ بندی ہو‘ لیکن اس کی کوئی ’ضمانت‘ نہیں دی جا سکتی۔ قاہرہ میں جاری عرب لیگ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ عرب لیگ کا ایک نمائندہ وفد غزہ کا دورہ کرے گا۔
برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمروں نے نیتین یاہو کو فون کرکےغزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ تمام ترعالمی دباؤ کے باوجود اسرائیل کی ہٹ دھرمی میں کسی قسم کی کمی نہیں آ رہی ۔ اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ سے راکٹ حملوں کو بند کرنے کے لیے اب بھی سیکڑوں اہداف ایسے ہیں جن کو نشانہ بنانا باقی ہے۔ غزہ پر زمینی حملے کیلئے فوج مکمل طور پر الرٹ ہے ۔