19 نومبر 2012
وقت اشاعت: 6:2
غزہ پراسرائیلی بمباری، مزید32فلسطینی شہید، تعداد80 ہوگئی
اے آر وائی - اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فضائی حملوں کا سلسلہ چھٹے روز بھی جاری ہے۔اسرائیلی فضائی حملوں میں اب تک اسّی فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ ایک طرف بے بس اور نہتے فلسطینی دوسری طرف اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کا سلسلہ۔۔
پیر کی صبح ہونے والے تازہ اسرائیلی حملوں میں مزید تین فلسطینی شہید ہوگئے اور حماس پولیس ہیڈکوارٹر ز تباہ ہوگیا۔ ہر دن اسرائلی جارحیت۔۔۔ ظلم و بر بریت کی ایک نئی مثال رقم ہو رہی ہے۔۔۔اتوار کے روز دن کا آغاز ہوتے ہی فضا ء خون سے رنگین ہوگئی۔۔۔غزہ سسکیوں اور چیخوں سے گونج اٹھا۔۔ جب اسرائیلی بمباری نے مزید چھبیس معصوم فلسطینیوں کی جان لے لی جن میں چود ہ بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔۔
امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ غزہ میں محصور فلسطینی آبادی کو پانی اور خوراک کے سنگین بحران کا سامنا ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہیں۔انہیں دن میں اٹھارہ گھنٹے بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سامنا ہے جبکہ اسپتالوں میں دواوٴں کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر ساڑھے پانچ سو سے زائد میزائل برسائے جس سے علاقے کا نقشہ ہی بدل گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے کیمیائی ہتھیار بھی استعمال کیے ہیں۔ عالمی دباوٴ اور احتجاج کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں فوجی کارروائیوں کو مزید پھیلانے کی دھمکی دی ہے کہ فوج کسی بھی کارروائی کے لیے تیار ہے اور حملوں کی شدت میں مزیداضافہ کیا جا سکتاہے۔