19 نومبر 2012
وقت اشاعت: 11:43
اسرائیلی جارحیت جاری،6 روز میں 92 فلسطینی شہید
اے آر وائی - اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فضائی حملوں کا سلسلہ چھٹے روز بھی جاری ہے۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں اب تک بانوے فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں ۔ ایک طرف بے بس اور نہتے فلسطینی دوسری طرف اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کا سلسہ۔
تازہ اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کے شہیدہونے کا سلسلہ جاری ہےجبکہ بمباری سے حماس پولیس ہیڈکوارٹر زبھی تباہ ہوگیا۔ ہر دن اسرائلی جارحیت۔ ظلم و بر بریت کی ایک نئی مثال رقم ہو رہی ہے۔ اتوار کے روز دن کا آغاز ہوتے ہی فضا ء خون سے رنگین ہوگئی۔غزہ سسکیوں اور چیخوں سے گونج اٹھا۔ جب اسرائیلی بمباری نے مزید چھبیس معصوم فلسطینیوں کی جان لے لی ۔ جن میں چود ہ بچے اور خواتین بھی شامل تھیں ۔
امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ غزہ میں محصور فلسطینی آبادی کو پانی اور خوراک کے سنگین بحران کا سامنا ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہیں۔انہیں دن میں اٹھارہ گھنٹے بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سامنا ہے ۔جبکہ اسپتالوں میں دواؤں کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر ساڑھے پانچ سو سے زائد میزائل برسائے ۔ جس سے علاقے کا نقشہ ہی بدل گیا ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے کیمیائی ہتھیاربھی استعمال کیےہیں۔ عالمی دباؤ اوراحتجاج کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں فوجی کارروائیوں کو مزید پھیلانے کی دھمکی دی ہےکہ فوج کسی بھی کارروائی کے لیے تیار ہے اور حملوں کی شدت میں مزیداضافہ کیا جا سکتاہے ۔