19 نومبر 2012
وقت اشاعت: 17:51
اسرائیلی حملوں میں چورانوے نہتے فلسطینی شہید
اے آر وائی - غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے ۔ چھ روز سے جاری اسرائیلی حملوں میں چورانوے نہتے فلسطینی شہید کردیے گئے ۔ ترکی کے وزیر اعظم طیب اردگان کا کہنا ہےکہ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنے والوں نے اسرائیلی جارحیت پر آنکھیں بند کرلی ہیں ۔
غزہ میں نہتے فلسطینیوں پرقابض اسرائیلی فوج کا ظلم و ستم چھٹے روز بھی جاری رہا ۔ صہیونی فوج نے خان یونس سمیت غزہ کے مختلف علاقوں میں شدید فضائی حملے کرکے متعدد عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ، بلند وبالا عمارتیں تباہ ہونے سے کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہیں جہاں لوگ اپنے پیاروں کو تلاش کررہے ہیں۔ مہاجر کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ۔اسرائیلی ظلم کا نشانہ بننے والوں میں زیادہ تعداد کمسن بچوں اور خواتین کی ہے اسپتالوں میں بڑی تعداد میں زخمی بچے زیر علاج بھی ہیں جہاں علاج معالجے کی ناکافی سہولیات ہیں۔ دوائوں کی قلت ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔
اسرائیل نے کئی برسوں سے غزہ کی ناکہ بندی کررکھی تھی جس کی وجہ سے یہاں کے مکین مشکل حالات میں جی رہے ہیں ۔ اسرائیلی فوج غزہ میں اجناس لے جانے والے ٹرکوں کو بھی نشانہ بنایا ۔ایک طرح سے اسرائیل پوری طرح فلسطینیوں کی نسل کشی پر عمل پیرا ہے ۔ اسرائیلی فوج نے غزہ پر بڑی زمینی کارروائی کرنے کے لیے ہزاروں فوجی اور ٹینک اور دیگر فوجی سازو سامان غزہ سرحد پر پہنچا دیا ہے ۔
حماس کی جانب سے جنوبی اسرائیل پرراکٹ بھی داغےگئے۔ حماس کےرہنماخالد مشعل کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حماس کے حملوں کا خوف طاری ہے جس نے جنگ شروع کی ہے اب وہی اسے ختم بھی کرے گا ۔
قاہرہ میں خطاب کے دوران ترکی کے وزیر اعظم طیب اردگان کا کہنا تھا کہ اسرائیل دہشت گرد ریاست ہے جس کے تمام اقدامات دہشت گردی پر مبنی ہیں اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنے والوں نے اسرائیلی جارحیت پر آنکھیں بند کرلیں۔ مصر کے صدر محمد مرسی کا کہنا تھا کہ غزہ پر اسرائیل کا زمینی حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔