20 نومبر 2012
وقت اشاعت: 17:14
اسرائیلی جارحیت:7روز کے دوران شہدا کی تعداد 116ہو گئی
اے آر وائی - اسرائیل کی غزہ پر بمباری میں مزید چھ فلسطینی شہید ہو گئے ۔ فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی جارحیت میں سات روز کے دوران شہدا کی تعداد ایک سولہ ہو گئی ہے جبکہ ایک ہزار کے قریب زخمی زیر علاج ہیں۔ ملبے کا ڈھیر بننے والی رہائشی عمارتیں اس بات کی گواہ ہیں کہ اسرائیلی طیاروں کا ہدف کوئی اور نہیں بلکہ معصوم فلسطینی شہری ہیں ۔ اسرائیل پوری طرح نہتے فلسطینوں کی نسل کشی پر عمل پیرا ہے ۔
تازہ حملوں میں اپنی زمینوں پرکام میں مصروف دو کسان، پندرہ اور بیس سالہ لڑکے بھی لقمہ اجل بن گئے ۔ اسرائیلی دہشت گردی میں زخمی ہونے والے معصوم شہریوں سے اسپتال بھر چکے ہیں ۔ علاج معالجے کی سہولیات ناکافی ہیں اور دواؤں کی قلت ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔ شہری غزہ سے موت کے گہرے بادل چھٹنے کیلئے بے چینی سے منتظر ہیں ۔
اسرائیلی فوج غزہ میں اجناس لے جانے والے ٹرکوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے جس سے کھانے پینے کی اشیا کا بحران بھی پیدا ہوگیا۔اسرائیلی فوج نے غزہ پر بڑی زمینی کارروائی کرنے کے لیے ہزاروں فوجی اور ٹینک اور دیگر فوجی سازو سامان غزہ سرحد پر پہنچا دیا ہے اور ایک بڑے حملے کی تیاریاں مکمل کرلی ہے۔