21 نومبر 2012
وقت اشاعت: 10:26
غزہ پراسرائیل کی وحشیانہ بمباری،140 شہید
اے آر وائی - اسرائیل کی غزہ پر بمباری آٹھویں روز بھی جاری ہے۔اسرائیلی وحشیانہ کارروائی میں اب تک ایک سو چالیس سے زائد معصوم فلسطینی شہید ہوگئے جن میںستائیس بچے بھی شامل ہیں۔
نہتے اور بے گناہ فلسطینوں کے خلاف اسرائیلی ظلم وستم کا سلسلہ شدت سے جاری ہے۔ غزہ پر برسائے گئے بموں اور میزائلوں کا نشانہ بننے والے فلسطینیوں کو ان کے رشتہ دار آہوں اور سسکیوں کے درمیان دفناتے رہے۔ منگل کو اسرائیلی جارحانہ کارروائیوں میں مزید بارہ فلسطینی شہید ہوئے جن میں دو بچے بھی شامل تھے۔
اسرائیل جنگی طیاروں نے غزہ میں سو سے زیادہ مقامات پر بمباری کی جن میں اسلحے کا ڈپو اور قومی بینک کا ہیڈکوارٹرز بھی شامل تھے۔ حماس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جب تک اسرائیل اپنی ظالمانہ کارروائیاں بند نہیں کرتا ، جنگ بندی نہیں ہو سکتی۔ صہیونی دشمن شکست کے بعد جنگ بندی پر آمادہ ہے لیکن جب تک غزہ پر حملے بند نہیں ہوتے جنگ بندی نہیں ہو گی۔ سیاسی اور جنگی محاذ پر کامیابی فلسطینیوں کی ہو گی۔
اسرائیلی سفاکانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ اسپتال زخمیوں سے بھر چکے جبکہ ادویات اور خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔ اسرائیل کے وزیر اعظم نتن یاہو نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل پر راکٹ حملے بند نہ ہوئے تو اسرائیل انتہائی قدم اٹھانے سے گریز نہیں کرے گا۔